وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی دو روزہ سرکاری دورے پر منگل کو کرغزستان پہنچے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ان کے دورے میں دوطرفہ تجارت ،اقتصادی تعلقات اور کاروباری رابطوں میں اضافے، دفاع،تعلیم،بنیادی ڈھانچہ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور ہوگا۔
بشکیک روانگی سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کو مشترکہ خطرات کا سامنا ہے جس میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ سمیت دیگر مسائل شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان خطرات سے نمٹنے اور خصوصاً افغانستان کے معاملے پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
1991ء میں آزادی حاصل کرنے والا کرغزستان ایک وسط ایشیائی ریاست ہے ۔ گذشتہ سال یہاں ہونے والے فسادات کے دوران صدر باقیوف کو اقتدار چھوڑنا پڑا تھا جس کے بعد روزا اوتن بایوا نے عہدہ صدارت سنبھالا۔ وہ روس سے آزادی حاصل کرنے والی وسط ایشیائی ریاستوں کی پہلی خاتون صدر ہیں۔
وزیراعظم گیلانی گذشتہ 15سالوں میں کرغزستان کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ کرغز صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں کے علاوہ تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔