رسائی کے لنکس

واٹر ٹیکنالوجی کے معائنے کے لیے پاکستانی وفد کا دورہ امریکہ


اس دورے کا مقصد پاکستان، امریکہ تجارتی تعلقات اور پانی کے شعبے میں تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات میں کچھ سرد مہری کے باوجود مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے پیر کی صبح جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سفارت خانے کے سینئر واٹر ریسورسز انجینئر ولیم ڈون کی قیادت میں پاکستانی حکومت کے عہدیداروں اور کاروباری افراد پر مشتمل 30 رکنی وفد 30 ستمبر سے 4 اکتوبر تک امریکہ کے شہر شکاگو کا دورہ کر رہا ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اور سندھ کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حکام اس وفد کا حصہ ہیں۔

اس دورے کا مقصد پاکستان، امریکہ تجارتی تعلقات اور پانی کے شعبے میں تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

سفارت خانے سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی وفد اپنے دورے کے دوران واٹر انوائرمنٹ فیڈریشن ٹیکنیکل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس (ویف ٹیک) میں شرکت کرے گا جو شمالی امریکہ میں پانی کے معیار سے متعلق سب سے بڑی تکنیکی تجارتی نمائش اور تعلیمی سرگرمی ہے۔

پاکستان کی طرف سے ’’ویف ٹیک‘‘ میں شرکت کرنے والا یہ پہلا سرکاری وفد ہے۔

واضح رہے کہ 2013ء میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو پانی کے حوالے سے دنیا کے سب سے زیادہ دباؤ کے شکار ممالک میں سے ایک قرار دیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ’’ویف ٹیک‘‘ پاکستان کو برساتی پانی کو قابل استعمال بنانے کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور تجارت کی منتقلی کے مواقع فراہم کرسکتی ہے۔

پاکستانی وفد ’’ویف ٹیک‘‘ کانفرنس میں شرکت کے علاوہ امریکہ کے کاروباری افراد سے ملے گا جہاں وہ برساتی پانی کے انصرام کے لیے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال جائزہ بھی لے گا۔

سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد پانی اور نکاسی کی پالیسیوں پر بات چیت کے لیے امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

پاکستانی وفد امریکہ میں مثالی حیثیت رکھنے والے میٹروپولیٹن واٹر ری کلیمیشن ڈسٹرکٹ بشمول میک کک ریزروائر اینڈ پمپنگ اسٹیشن اور کینوشا واٹر یوٹیلٹی کا دورہ بھی کرے گا۔

امریکی عہدیداروں کے طرف سے پاکستانی وفد کے ساتھ اُن تجربات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا کہ کس طرح محدود بجٹ کے ساتھ درمیانے حجم کی سہولتوں کے ذریعے استعمال شدہ پانی کے انصرام میں جدت اختیار کی جاسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG