رسائی کے لنکس

امریکہ پاکستان میں مستحکم جمہوری نظام کا خواہاں


سفیر رچرڈ اولسن
سفیر رچرڈ اولسن

سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ بلاشبہ بہت سے پاکستانی اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ امریکہ ان کے ملک کا دوست اور اتحادی ہے، اس لیے ان شکوک و شبہات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بدھ کو ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایک سخت مقابلے کے بعد صدر کا انتخاب ان کے ملک کے جمہوری نظام کے حسن کا مظہر ہے۔

رچرڈ اولسن نے کہا کہ اب پاکستان میں بھی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ یہاں بھی احسن طریقے سے اقتدار ایک جمہوری حکومت سے دوسری کو منتقل ہو گا۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایسا ماحول چاہتا ہے جس میں دونوں ملک اپنے اختلافات گفت و شنید کے ذریعے حل کر سکیں۔

’’بلاشبہ بہت سے پاکستانی اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ امریکہ ان کے ملک کا دوست اور اتحادی ہے، اس لیے ان شکوک و شبہات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

امریکی سفیر کے بقول ان کا ملک ایک مضبوط اور فعال پاکستان کا خواہاں ہے تاکہ وہ خطے اور اقوام عالم کے لیے ایک مثبت کردار ادا کر سکے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی چاہتا ہے تاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے لیے روزگار کے وسائل پیدا ہو سکیں۔

امریکی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان شکوک کی بجائے اعتماد، جھگڑے کی بجائے تعاون اور کشیدگی کی بجائے مضبوط روابط کی ضرورت پر زور دیا۔
XS
SM
MD
LG