ائیر مارشل سہیل امان کو پاکستانی فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے اور وہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔
اُدھر ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے بدھ کو صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔
فضائیہ کے بیان کے مطابق ائیر چیف مارشل کے عہدے پر ترقی پانے والے سہیل امان نے نومبر 1980ء میں فضائیہ میں ’جی ڈی پائلٹ‘ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔
سرکاری بیان کے مطابق اپنے کیرئیر کے دوران انھوں نے فائٹر سکوارڈن، فائٹر ونگ اور آپریشنل ائیربیس کی کمان کی۔
ائیر مارشل سہیل امان اس وقت ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف (آپریشنز) کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں، اُنھیں فضائیہ میں خدمات پر تمغہ امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔