رسائی کے لنکس

کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو ملاقات کی اجازت


بھارت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے پاکستان نے کلبھوشن کی والدہ کو بھی اپنے بیٹے سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان نے اپنی حراست میں موجود مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بیوی اور والدہ کو 25 دسمبر کو ان سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔

اس بات کا اعلان وزارتِ خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے جمعے کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کیا۔

ترجمان محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے کہ اسلام آباد کلبھوشن یادیو کی اپنی والدہ اور اُن کی اہلیہ سے ملاقات کرانے کے لیے تیار ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشین کے ایک سفارت کار بھی کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کے ہمراہ ملاقات کے لیے جا سکیں گے جب کہ ملاقات کے لیے آنے والوں کو ضروری سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

کلبھوشن یادیو کو پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں ایک فوجی عدالت کی طرف سے رواں سال اپریل میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو سے اُن کی اہلیہ کی ملاقات کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا۔

تاہم بھارت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ کلبھوشن کی اہلیہ کے علاوہ اُن کی والدہ کو بھی اپنے بیٹے سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور ساتھ ہی بھارتی حکام نے دورۂ پاکستان کے دوران اُن کے تحفظ کی ضمانت بھی مانگی تھی۔

بھارت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے پاکستان نے کلبھوشن کی والدہ کو بھی اپنے بیٹے سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کلبھوشن یادیو تک سفارتی رسائی دینے کے لیے بھارت کی طرف سے کی گئی متعدد درخواستوں کو پاکستان رد کرتا رہا ہے۔

رواں سال مئی میں عالمی عدالتِ انصاف نے اپنے عبوری فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عدالت کا حتمی فیصلہ آنے تک عمل درآمد نہ کرے۔

کلبھوشن یادیو نے اپنی سزا کے خلاف پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے رحم کی اپیل بھی کر رکھی ہے۔

بھارت نے عالمی عدالتِ انصاف میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ کلبھوشن یادیو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ایران میں تجارت کر رہے تھے، جہاں سے پاکستان نے اُنھیں اغوا کیا۔

لیکن پاکستان بھارت کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ مارچ 2016ء میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کر کے کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، جو مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ کا ایجنٹ اور بھارتی بحریہ کا حاضر سروس ملازم ہے۔

XS
SM
MD
LG