رسائی کے لنکس

زبردستی کھالیں جمع کرنے والے اب انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے


زبردستی کھالیں جمع کرنے والے اب انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے
زبردستی کھالیں جمع کرنے والے اب انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے

صوبائی وزیرِ داخلہ منظور وسان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں زبردستی جمع کرنے والوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے گا جب کہ رجسٹرڈ جماعتوں اور فلاحی اداروں کو کھالیں جمع کرنے کے لیے محکمہ داخلہ سندھ سے خصوصی اجازت لینا ہوگی۔

پیر کو منظور وسان نے کراچی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ سندھ حکومت نے عیدِ قرباں کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ایک ضابطہء اخلاق تشکیل دیا ہے جس پر شہر کی آٹھ مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بھی اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں شکایتی مراکز قائم کیے جائیں گے جو چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے ۔ ہر شخص کی ایف آئی آر درج کی جائے گی اور شکایت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انھو ں نے مزید بتایا کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کی اجازت نہیں ہو گی ۔

کراچی میں بیشتر سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے زیرِ اثر حلقوں میں قربانی کی کھالیں جمع کرتی ہیں اور اس سلسلے میں عید سے پہلے گھر گھر جا کر پمفلیٹس بھی تقسیم کیے جاتے ہیں جب کہ زبردستی کھالیں جمع کرنے کی روایت بھی عام ہے ۔ بعض اوقات کھالیں جمع کرنے کے معاملے پرمختلف جماعتوں کے درمیان تنازع بھی کھڑا ہو جاتاہے۔

صوبائی وزیر منظور وسان کہتے ہیں کہ حکومت اس بار اس مسئلے کا تدارک چاہتی ہے ۔’’ماضی میں زبردستی گھر گھر جا کر کھالیں جمع کی جاتی تھیں اور ہم ماضی کی غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہتے۔ لوگ اپنی مرضی سے جسے چاہے کھال دیں۔‘‘ ان کے بقول زبردستی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا اور انھیں امید ہے کہ اس بار عید الاضحی کے موقع پر امن رہےگا۔

XS
SM
MD
LG