پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
اسکواڈ میں نو نئے کھلاڑی شامل ہیں جب کہ کئی سینئرز کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رواں ماہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 برس بعد پاکستان آ رہی ہے۔ اس دورے کے دوران وہ ٹیسٹ سیریز کے علاوہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔
ٹیسٹ سیریز کے لیے پی سی بی نے جمعے کو 20 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انجری سے صحت یابی کے بعد ٹیم کی قیادت کے لیے تیار ہیں جب کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بطور نائب کپتان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے سیریز کے لیے اسکواڈ میں نو نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جن میں حارث رؤف، عمران بٹ، کامران غلام، نعمان علی، ساجد خان، عبداللہ شفیق، تابش خان، ساجد خان اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
حال ہی میں دورۂ نیوزی لینڈ میں ٹیم کا حصہ رہنے والے اوپننگ بلے باز شان مسعود، فاسٹ بالر محمد عباس اور مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بالر رہنے والے حسن علی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
حال ہی میں حسن علی نے قائدِ اعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی پیش کی تھی جس پر اُنہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
پاکستان کا اسکواڈ کچھ اس طرح ہے:
اوپنرز:
عابد علی، عبداللہ شفیق اور عمران بٹ
مڈل آرڈر بیٹسمین:
اظہر علی، کپتان بابر اعظم، فواد عالم، کامران غلام، سلمان علی آغا اور سعود شکیل
آل راؤنڈر:
فہیم اشرف اور محمد نواز
وکٹ کیپرز:
محمد رضوان اور سرفراز احمد
اسپنرز
یاسر شاہ، نعمان علی اور ساجد خان۔
فاسٹ بالرز:
حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، تابش خان