کراچی ... پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 111 رنز سے شکست دے دی۔
بابر اعظم کو شاندار سنچری پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 49اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رن بنائے۔
’ڈک ورتھ۔لوئس میتھڈ‘ کے تحت، ویسٹ انڈیز کو جیت لئے 287 رن کا ہدف ملا۔ لیکن، پوری ٹیم 38 اعشاریہ 4 اوور میں 175 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس میچ میں فتح کے بعد، پاکستان ٹیم ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سب سے زیادہ فتوحات سمیٹنے والی ٹیموں میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ اس نے مجموعی طور پر 455 میچ جیتے ہیں۔
آسٹریلیا 547 میچ جیت کر، سر فہرست ہے، جبکہ بھارت نے 454 میچوں میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
نسبتاً مشکل ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی اننگ کا آغاز مایوس کن رہا اور 27 کے اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔ اس کے بعد، وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں اور صرف 99 رنز پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
سیموئلز کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین بیٹسمین پاکستانی بولر کا جم کر سامنا نہ کر سکا۔ سیموئلز نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔
محمد نواز نے 4، حسن علی نے 3جبکہ عماد وسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔