رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 201 رنز سے ہرا دیا


پہلے اوپنرز اور پھر بولرز کی عمدہ کارکرگی کے باعث پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں زمبابوے کو 201 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔

ایک روزہ میچوں میں رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان کی پانچویں بڑی جیت ہے۔

اگست 2016ء میں پاکستان نے ڈبلن میں آئرلینڈ کو 255 رنز سے شکست دی تھی جو کسی بھی ٹیم کے خلاف پاکستان کی سب سے بڑے مارجن سے فتح ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 309رنز کا ہدف دیا، جواب میں زمبابوے کی ٹیم 35 اوورز میں 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے 113 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرکے ٹیم کی جیت کے لئے بنیاد فراہم کی۔ امام الحق نے124 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 60 رنز کا حصہ ڈالا۔

پاکستان کی جانب سے پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے آصف علی نے 25 گیندوں پر 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم 30، شعیب ملک 22 اور سرفراز احمد نے 13 رنز بنائے۔ یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 308 رنز بناکر میزبان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف تین رنز پر اوپنر چاری2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد وکٹ کیپر مرے کے سواکوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتا رہا اور صرف 55 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہوچکی تھی۔

مرے 32، موساکاندا 21، چبھابھا 20 اور تریپانو 12 کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا اور پوری ٹیم 35 اوور میں 107 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

شاداب خان 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، عثمان خان اور فہیم اشرف نے دو، دو جبکہ محمد عامر اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

امام الحق کو شاندار سنچری پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ پیر کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG