رسائی کے لنکس

وزراء کے لیے اضافی وزارتوں کا اعلان


وفاقی کابینہ (فائل فوٹو)
وفاقی کابینہ (فائل فوٹو)

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنی بائیس رکنی وفاقی کابینہ میں شامل سات وفاقی وزراء اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر کو ہفتے کے روز اضافی وزارتوں کی ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا ہے ۔

سرکاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور وٹو کو دفاعی پیداوار، بین الصوبائی رابطوں کے وزیر رضا ربانی کو انسانی حقو ق ، مذہبی اُمور کے وزیر خورشید شاہ کو محنت و افرادی قوت، نوید قمر کو نج کاری کے علاوہ اب پانی وبجلی کی وزارت کا قلمدان بھی سونپا گیاہے۔

دیگر وزراء میں ٹیکسٹائل کے وزیرمخدوم شہباب الدین کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس، سرحدی اُمور کے وزیر انجینئر شوکت اللہ کو کھیل کی وزارتوں کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔

خاتون وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی کو ماحولیات کے علاوہ اب خواتین کی ترقی کی وزرات جب کہ وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھراب خزانہ اور اقتصادی اُمورکی بھی وزیر مملکت کے طور پر کام کریں گی۔

پاکستان کی وفاقی کابینہ کے مستعفی ہونے کے بعد 11 فروری کو بائیس رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا۔ زیادہ تر نو منتخب وزراء مستعفی ہونے والی کابینہ کا بھی حصہ تھے۔ لیکن وزرات اطلاعات و نشریات کے سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پانی و بجلی کے سابق وزیر راجہ پرویز اشرف کے علاوہ خوراک و زراعت کے سابق وزیر نذر محمد گوندل اس کابینہ میں حلف اْٹھانے والوں میں شامل نہیں تھے۔

پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات کے پیش نظر سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے پیپلز پارٹی کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے دباؤکے بعد وزرا کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا تھا ۔

XS
SM
MD
LG