رسائی کے لنکس

جنرل راحیل کا بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو انتباہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوج کے سربراہ راحیل شریف نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ دہشت گردوں، اُن کے معاونین، ہمدردوں اور اُنھیں مالی اعانت فراہم کرنے والوں کو ملک میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت کر کے بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں سے باز رہیں۔

تاہم فوج کے سربراہ نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ دہشت گردوں، اُن کے معاونین، ہمدردوں اور اُنھیں مالی اعانت فراہم کرنے والوں کو ملک میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

بدھ کو کوئٹہ کے دورے کے موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ریاست میں قانون کی عمل داری کے لیے فوج کسی بھی حد تک جائے گی۔

اُنھوں نے لیویز اور فرنٹئیر کور سمیت بلوچستان میں عوام کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر تمام اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قیام امن کے لیے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

فوج کے سربراہ نے حال ہی میں تربت میں 20 مزدوروں کے قتل کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے میں بلوچستان کی حکومت کی معاونت کی جائے گی۔

گزشتہ ہفتہ کو تربت کے قریب مزدوروں کے کیمپ پر فائرنگ سے 20 مزدور ہلاک ہو گئے تھے جن میں 16 کا تعلق پنجاب جب کہ چار کا صوبہ سندھ سے تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔

واضح رہے کہ اس حملے کے بعد رواں ہفتے ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تربت میں گبین کے علاقے میں کارروائی کر کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

حکام کے مطابق یہ دہشت گرد تربت میں مزدوروں کے کیمپ پر حملے میں ملوث تھے۔

XS
SM
MD
LG