رسائی کے لنکس

پاکستانی بحریہ کی بس پر بم حملہ، پانچ ہلاک


پاکستانی بحریہ کی بس پر بم حملہ، پانچ ہلاک
پاکستانی بحریہ کی بس پر بم حملہ، پانچ ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جمعرات کی صبح پاکستانی بحریہ کی ایک بس پر بم حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ حملہ کارساز کے علاقے میں شہر کی مصروف ترین شاہراہ فیصل کے سنگم پر ہوا۔

پاکستانی بحریہ کے ایک ترجمان نے دھماکے میں چار اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بس میں 11 اہلکار سوار تھے۔ ہلاک ہونے والا پانچواں شخص موٹر سائیکل پر سوار تھا جو قریب سے گزر رہا تھا۔

بم دھماکے میں سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جس میں ریموٹ کنٹرول یا موبائل فون کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔

جائے وقوع پر موجود صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اگلے چوبیس گھنٹوں میں ایک حکمت عملی تیار کر لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہونے والی تحقیقات میں کچھ سراغ ملے ہیں تاہم وزیراعلیٰ نے مزید کچھ بتانے سے گریز کیا۔

پاکستانی بحریہ کے اہلکاروں پر کراچی میں گذشتہ تین دنوں کے دوران ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔

اس سے قبل منگل کو چند منٹ کے فرق سے ڈیفنس اور بلدیہ ٹاؤن کے علاقوں میں پاکستانی بحریہ کی دو بسوں کو موٹر سائیکل اور کچرے کے ڈھیر میں نصب بموں سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے ایک خاتون ڈاکٹر سمیت چار اہلکار ہلاک اور 56 زخمی ہو گئے تھے۔

دو روز قبل کراچی کے دو مختلف علاقوں میں ہونے بم دھماکوں کی ذمہ داری کے حوالے سے متضا د اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ ان دھماکوں کی بعد طالبان نے ان کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن بدھ کو ایک کالعدم بلوچ تنظیم نے یہ حملے کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG