حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی میں طالبان شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر منگل کو جیٹ طیاروں سے کی گئی بمباری میں 17 جنگجو ہلاک ہو گئے۔
مقامی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر زمان خان نے برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ عسکریت پسند حملوں کی تیاری کے سلسلے میں ایک مقام پر اکٹھا ہو رہے ہیں جس کے بعد اُن کے خلاف فضائی کارروائی کی گئی۔ زمان خان کا کہنا تھا کہ بمباری میں چھ شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔
اورکزئی ایجنسی سات میں سے وہ واحد قبائلی علاقہ ہے جس کی سرحد افغانستان سے نہیں ملتی ہے۔ دیگر قبائلی علاقوں کی طرح اورکزئی میں بھی سکیورٹی فورسز طالبان شدت پسندوں سے بر سر پیکار ہیں۔
دو مئی کو شمالی شہر ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے ایک خفیہ آپریشن میں القاعدہ کے رہنما کی ہلاکت کے بعد عسکریت پسندوں نے پاکستانی سکیورٹی فورسز کے خلاف انتقامی حملوں کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے جن میں چارسدہ میں نیم فوجی فورس ’فرنٹیئر کور‘ پرخودکش دھماکے اور کراچی میں پاک بحریہ کی ایوی ایشن بیس پر حملہ نمایاں ہیں۔