رسائی کے لنکس

طالبان کی حکومتِ پاکستان سے امن مذاکرات کی تردید


طالبان کی حکومتِ پاکستان سے امن مذاکرات کی تردید
طالبان کی حکومتِ پاکستان سے امن مذاکرات کی تردید

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک ترجمان نے حکومت کے ساتھ اُن کی تنظیم کے امن مذاکرات کی اطلاعات کی تردید کی ہے۔

ایک روز قبل ٹی ٹی پی کے نائب کمانڈرکہلانے والے طالبان رہنما مولوی فقیر نے باجوڑ میں مقامی صحافیوں کو ٹیلی فون پر نامعلوم مقام سے رابطہ کر کے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تنظیم نے حکومت پاکستان کے نمائندوں کے ساتھ امن بات چیت شروع کر دی ہے اور مذاکرات درست سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔

لیکن ٹی ٹی پی کے ترجمان احسان اللہ نے مولوی فقیر کے دعوؤں کی تردید کی اور کہا کہ حکومت کے ساتھ اُس وقت تک مذاکرات نہیں ہوں گے جب تک ملک میں شریعت نافذ نہیں کی جاتی۔

غیرملکی نیوز ایجنسی ’اے پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ’’مٹھی بھر لوگوں کی حکومت کے ساتھ بات چیت کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کا نام نہیں دیا جا سکتا۔‘‘

اس سے قبل بھی طالبان کے اس ترجمان نے حکومت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی اطلاعات کی تردید کی تھی۔

ہفتہ کی شام وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو میں مولوی فقیر کی طرف سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دعوے کی نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی تھی۔ ان کے بقول امن بات چیت شدت پسندی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی پالیسی کا حصہ اور جاری عمل ہے۔

XS
SM
MD
LG