پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جمعہ کو ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔
گزشتہ دو روز کے دوران وزیرستان کے علاقوں میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف یہ تیسرا میزائل حملہ ہے۔
حکام کے مطابق تازہ حملے کا ہدف میران شاہ کے قریب عسکریت پسندوں سے بھری ایک گاڑی تھی۔ اس واقعہ میں مرنے والوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
جمعرات کو بھی دو ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں ایک شمالی وزیرستان کے ایک سرحدی گاؤں میں مبینہ طور پر حقانی نیٹ ورک کے جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا گیا جبکہ دوسراحملہ جنوبی وزیرستان میں کیا گیا۔
ان دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مرنے والوں کی اکثریت کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے بتایا گیا جس میں اس عسکری تنظیم کا جانباز زردان نامی ایک اہم کمانڈر بھی شامل تھا۔