پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت سے شکست کے صدمے سے باہر نہیں نکل پائی ہے۔ پاکستان ٹیم کے بیٹر افتخار احمد نے تسلیم کیا ہے کہ بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم 'دل شکستہ' تھی اور اب بھی اس تکلیف میں ہے۔
دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے میں آمنے سامنے آئے تھے، جہاں بھارتی ٹیم نے بیٹر وراٹ کوہلی کی 82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت آخری بال پر فتح حاصل کی تھی۔
میچ کے بعد جہاں پاکستانی شائقین کے دل ٹوٹے تھے وہیں اس ہار کا اثر ٹیم پر بھی پڑا تھا۔ خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق پاکستان ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے بدھ کو کہا ہے کہ ''اتنے بڑے میچ میں شکست کے بعد ہمارے دل ٹوٹ چکے تھے اور ہم اب بھی تکلیف میں ہیں۔''
افتخار احمد نے بھارت کے خلاف میچ میں 51 رنز اسکور کیے تھے جس کی بدولت پاکستان ٹیم آٹھ وکٹوں پر 159 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔تاہم ان کی یہ اننگرز ٹیم کو فتح نہیں دلا سکی تھی۔
انہوں نےبھارت سے شکست کے بعد کپتان بابر اعظم کی جانب سے ٹیم کو سنبھالنے پر ان کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ اس میچ کے بعد کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ویڈیو میں بابر اعظم کہہ رہے ہیں کہ ''ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہے۔ گرنا نہیں ہے، ابھی ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے۔ ہم بطور ٹیم ہارے ہیں اور بطور ٹیم جیتیں گے۔''
افتخار احمد کہتے ہیں کہ ہمارا دل تکلیف میں ہونے کے باوجود حوصلے بلند ہیں۔ان کے بقول جس طریقے سے بابر اور مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا وہ اچھا تھا۔ بابر اور کوچز نے ہمیں کہا کہ یہ ہمارا آخری میچ نہیں تھا، سب نے کوشش کرنی ہے۔ لہٰذا ہمارے حوصلے بلند ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعرات کو زمبابوے کے خلاف کھیلنے جا رہی ہے اور میچ میں جیت پاکستان کا اعتماد بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ زمبابوے ایک انٹرنیشنل ٹیم ہے اور ہم ان کے خلاف کسی بھی دوسری ٹیم کی طرح مضبوط ہو کر کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھا کھیلنا اور اعتماد کو برقرار رکھنا اہم ہے۔ کھلاڑی پرفارمنس کے لیے تیار ہیں۔
اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لیا گیا ہے۔