رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کا احتجاج پاکستان کے لیے باعث حیرت


پاکستان نے کہا ہے کہ کرکٹ کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے نتائج میں تبدیلی کا مطالبہ کرنے میں بنگلہ دیش نے بہت دیر کر دی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک اعلٰی عہدیدار نے ہفتہ کے روز کہا تھا کہ وہ ایشیائی کرکٹ کونسل سے پاکستان کے خلاف فائنل کے آخری اوور میں پیش آنے والے واقعے کا ازسر نوجائزہ لے جو اُن کے خیال میں بنگلہ دیشی ٹیم کی شکست کی وجہ بنا۔

پی سی بی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ اُنھیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاخیر سے احتجاج پر حیرت ہے’’کیونکہ اگر کچھ غلط ہوا تھا تو متعلقہ عہدے دار اس موقع پر کارروائی کر لیتے‘‘۔

بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے لیے ایک خاص وقت مقرر ہوتا ہے۔

’’میچ آفیشلز، ریفری اور ایمپائرز وہاں (کھیل کے دوران) موجود ہوتے ہیں۔ ان میں کسی عہدے دار کی رپورٹ میں ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے کہ اعزاز چیمہ کسی بنگلہ دیشی کھلاڑی کی راہ میں رکاوٹ بنا ہو۔‘‘

پاکستان نے 22 مارچ کو ڈھاکا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بنگلہ دیش کو دو رنز سے شکست دے کر ایشیا کا کرکٹ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تاہم پاکستانی کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیش کی شکایت سے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کے رابطے متاثر نہیں ہوں گے۔

2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں کھیلے جا رہے اور حال ہی میں پی سی بی نے بنگلہ دیش کو دعوت دی ہے کہ وہ تین ایک روزہ میچ کھیلنے پاکستان آئے۔

حالات کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیش کی ایک خصوصی ٹیم پاکستان کا دورہ بھی کر چکی ہے تاہم بنگلہ دیشی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حکومت سے اجازت ملنے یا نہ ملنے کے منتظر ہیں۔

XS
SM
MD
LG