دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے اسکل کیمپ کے لیے 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والے کیمپ کے بعد ان ہی میں سے ٹیم کے لیے حتمی کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت بلے باز احمد شہزاد اور عمراکمل کو اس کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے بدھ کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اسکل کیمپ کے لیے کھلاریوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
اس وقت پاکستانی کرکٹرز ایبٹ آباد میں پاکستانی فوج کی مرکزی تربیت گاہ میں لگائے گئے جسمانی کارکردگی کے کیمپ میں شریک ہیں جو 27 مئی تک جاری رہے گا۔
انضام الحق کا کہنا تھا کہ دو دن کے آرام کے بعد اسکل کیمپ 30 مئی سے پانچ جون تک جاری رہے۔
اسکل کیمپ کے لیے جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں شان مسعود، خرم مںظور، سمیع اسلم، محمد حفیظ، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، افتخار احمد، اکبر الرحمن، آصف ذاکر، محمد عامر، راحت علی، سہیل خان، احسان عادل، عمران خان، جنید خان، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، سرفراز احمد اور محمد رضوان شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر کے مطابق محمد حفیظ کی شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہوگی اور وہ پوری طرح سے فٹ نہ ہوئے تو ان کی جگہ کسے شامل کیا جانا ہے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
محمد حفیظ زخمی ہونے کی وجہ سے ایبٹ آباد کے کیمپ میں بھی شریک نہیں ہوسکے تھے۔
انضام الحق کا کہنا تھا کہ فی الوقت ٹیم کے لیے آل راؤنڈرز کھلاڑیوں کی کمی دیکھنے میں آرہی لیکن ان کے بقول اگر کوئی اچھا آل راؤنڈر سامنے آیا تو اسے ضرور موقع دیا جائے گا۔
دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو چار ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔ دورے کا آغاز 14 جولائی کو ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
بدھ کو ہی چیف سلیکٹر نے دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان اے ٹیم کے 17 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ اس میں شرجیل خان، فرخ زمان، جہان علی، زاہد علی، سعود شکیل، بابر اعظم، عمر صدیق، عبدالرحمن مزمل، محمد نواز، حسن علی، میر حمزہ، محمد عباس، عزیز اللہ، بلاول بھٹی، محمد اصغر، شاداب خان اور محمد حسن شامل ہیں۔
انضام الحق کے بقول اے ٹیم میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو دورہ انگلینڈ میں ہی قومی ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔