رسائی کے لنکس

مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مقرر


پاکستان کرکٹ بورڈ (فائل فوٹو)
پاکستان کرکٹ بورڈ (فائل فوٹو)

مزید برآں مشاورت کے بعد مکی آرتھر سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے ہیڈ کوچ بننے پر آمادگی ظاہر کی اور بیان کے مطابق توقع ہے کہ وہ رواں ماہ کے اواخر تک یہ ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر مکی آرتھر کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے باعث ہیڈ کوچ وقار یونس نے گزشتہ ماہ استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے اس منصب کے لیے بورڈ نے موزوں شخصیت کی تلاش شروع کر رکھی تھی۔

جمعہ کو کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے وسیم اکرم، رمیض راجہ اور فیصل مرزا پر مبنی ایک پینل تشکیل دیا گیا تھا جس سے مختلف درخواستوں کا جائزہ لے کر اس بارے میں اپنی سفارشات بورڈ کو پیش کیں۔

مزید برآں مشاورت کے بعد مکی آرتھر سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے ہیڈ کوچ بننے پر آمادگی ظاہر کی اور بیان کے مطابق توقع ہے کہ وہ رواں ماہ کے اواخر تک یہ ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

48 سالہ مکی آرتھر نے جنوبی افریقہ میں 110 فرسٹ کلاس میچز کھیل رکھے ہیں جب کہ پیشہ ور کوچ کے طور پر وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو عالمی فہرست میں اول نمبر تک لے جانے میں کامیاب ہوئے۔

وہ 2011ء میں آسٹریلیا کی ٹیم کے کوچ بھی مقرر ہوئے لیکن 2013ء میں ایشز سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد انھیں اس منصب سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں سال ہونے والی پاکستان کی پہلی سپر لیگ میں کراچی کنگز کی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض بھی مکی آرتھر نے انجام دیے تھے لیکن یہ ٹیم زیادہ قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہے جس کی وجہ سے آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اسے اپنی پوزیشن بہتر بنانا ہو گی۔

ورلڈ کپ میں پہلے آٹھ نمبر پر براجمان ٹیمیں براہ راست حصہ لے سکتی ہیں جبکہ دیگر دو ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ سے گزرنا پڑتا ہے۔

پاکستان کے پاس اپنی پوزیشن بہتر کرنے کے لیے آئندہ سال ستمبر تک کا وقت ہے۔

XS
SM
MD
LG