پاکستان کے شمال مغرب میں جمعہ کو علی الصبح درمیانی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5.8 بتائی گئی ہے۔
پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز مانسہرہ سے 51 کلومیٹر دور الائی کے مقام پر تقریباً 32 کلومیٹر زیر زمین تھا۔
زلزلے کے جھٹکے خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی محسوس کیے گئے۔
سرکاری طور پر تاحال ان میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی ہے لیکن فرانسیسی خبر رساں ایجنسی "اے ایف پی" کے مطابق مانسہرہ کے قریبی ضلع بٹگرام میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے اور دو گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
پاکستان کے شمال اور جنوب مغرب میں زلزلے کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن حالیہ برسوں میں یہاں کئی ایک ہلاکت خیز زلزلے بھی آچکے ہیں۔
دو سال قبل بلوچستان میں 7.7 شدت کے زلزلے سے کم ازکم 370 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے تھے۔
پاکستان کی حالیہ تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز زلزلہ آٹھ اکتوبر 2005ء میں آیا تھا جس میں 74 ہزار کے لگ بھگ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت 7.6 تھی اور یہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے ملک کے شمالی علاقوں تک محسوس کیا گیا۔
اس زلزلے سے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔