عمران خان کو مذاکرات کے لیے تین شرائط پیش کی گئی ہیں، مراد سعید کا دعویٰ
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے ذریعے عمران خان کو مذاکرات کے لیے تین شرائط پیش کی گئی ہیں جنہیں پارٹی کے بانی نے مسترد کر دیا ہے۔
مراد سعید نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے سامنے رکھی گئی شرائط میں اول نمبر پر یہ ہے کہ مقتدر حلقوں کے ناپسنددیدہ قرار دیے گئے افراد تحریری طور پر معافی مانگیں اور ہمیشہ کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں۔
مراد سعید کے مطابق دوسری شرط عمران خان کی تین سال کے لیے بنی گالہ میں قید یا ان کی جماعت کی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں وہ ضمانت دیں کہ تحریکِ انصاف کی حکومت کو کسی قسم کا کوئی مشورہ نہیں دیں گے۔
مراد سعید کے مطابق تیسری شرط ہے کہ عمران خان کو تین نام دیے جائیں گے جن میں کسی ایک کو اگلا وزیرِ اعظم نامزد کر دیا جائے گا، یہی نہیں ایک سال تک اس حکومت کی کارکردگی کو جانچنے کے بعد عمران خان اور تحریکِ انصاف کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مراد سعید نے یہ نہیں بتایا کہ مذکورہ شرائط کس نے دیں اور کب دیں۔ تاہم ان کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
مسلم لیگ (ن) فیصل آباد میں پاور شو کے لیے تیار
پاکستان مسلم لیگ (ن) آج فیصل آباد میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پاور شو کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز ان دنوں پنجاب کے مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں اور آج وہ فیصل آباد میں لیگی کارکنان سے خطاب کریں گے۔
کراچی: الیکشن ڈیوٹی کے لیے نہ آنے والے ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری
- By سدرہ ڈار
کراچی سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 110 جنوبی کے ریٹرننگ افسر نے الیکشن ڈیوٹی پر حاضر نا ہونے والے محکمۂ ہیلتھ کے 267 ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ریٹرننگ افسر محمد حیات نے ایس ایس پی جنوبی کو حکم دیا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی پر نہ آنے والے ملازمین کو گرفتار کر کے آج ہی پیش کیا جائے۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق سرکاری ملازمین قومی ذمے داری کی ادائیگی سے گریزاں ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔