پی بی 13 اور 14 میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہے، وزیرِ اطلاعات بلوچستان
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 13 اور پی بی 14 نصیر آباد میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ تاہم سیکیورٹی معاملات پر انتخابی امیدواروں کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔
جان اچکزئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آٹھ فروری وک انتخابات ضرور ہوں گے اور انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نے گزشتہ روز ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ دہشت گردی کی لہر اور امن و امان کی خراب صورتِ حال کے باعث حلقہ پی بی 13 اور پی بی 14 میں جلسوں، کارنر میٹنگ اور عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام امیدواروں کو انتخابی مہم بھی محدود کرنے کی ہدایت کی تھی۔
نگراں وزیرِ اعلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے 18 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے جنہیں فل پروف سیکیورٹی دیں گے۔ حکومت عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ الیکشن کے روز گھروں سے باہر نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج شاہد جمیل مستعفی
- By ضیاء الرحمن
لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد جمیل خان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ا نہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا ہے۔
جسٹس شاہد نے جمعے کو اپنے استعفے میں لکھا کہ وہ 10 سال تک عدالت عظمٰی کے جج رہے اور اب ذاتی وجوہات کی بنا پر منصب چھوڑ رہے ہیں۔
تحریکِ انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی کر دیے
پاکستان تحریکِ انصاف نے پانچ فروری کو ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر ملتوی کیے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کی وجہ سے پارٹی کے انتخابی امیداروں اور ووٹروں کی توجہ عام انتخابات سے ہٹ سکتی ہے۔ اس لیے انٹرا پارٹی انتخابات اب الیکشن کے بعد ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے شیڈول جاری کیا تھا جس کے تحت الیکشن پانچ فروری کو ہونا تھے۔
الیکشن کے روز موبائل فون سروس بند نہیں ہونی چاہیے، وزیرِ اطلاعات سندھ
- By محمد ثاقب
سندھ کے نگراں وزیرِ اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے متعلق تمام ابہام ختم ہو چکے ہیں اور الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق جن تیاریوں کی ضرورت ہے اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
الیکشن اور امن و امان کی صورتِ حال پر جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران احمد شاہ نے کہا کہ الیکشن کے روز موبائل فون سروس بند نہیں ہونی چاہیے، اگر کسی علاقے میں صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے کوئی ایسا فیصلہ کرنا ہوا تو دیکھیں گے۔
نگراں صوبائی وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ حکومتِ سندھ نے ہر قسم کی ضروریات کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ صوبے میں انیس ہزار پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے چھ ہزار 540 حساس ترین پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ چھ ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے گیے ہیں جب کہ کمپیوٹر اور وائر لیس سسٹم بھی لگا دیا گیا ہے، اگر کوئی خراب صورت حال ہوتی ہے تو ڈیٹا محفوظ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ فروری سے دس فروری تک حساس پولنگ اسٹیشنز پر افوج پاکستان تعینات رہے گی، پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جو سرکاری ملازم الیکشن میں نیشنل ڈیوٹی پر نہیں جائیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔