رسائی کے لنکس

کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ’فائیو ڈی‘ سنیما


کراچی کا ایک سنیما ہال
کراچی کا ایک سنیما ہال

شہر میں اپنی نوعیت کے منفرد سنیما ہالز ”فائیو ڈی“ متعارف ہونے جارہے ہیں۔ ’فائیو ڈی‘ ایک بالکل جدید، حیرت انگیز اور منفرد سنیماہالز ہیں

کراچی میں سنیما گھروں کی نئی تاریخ لکھی جارہی ہے ۔ دو سال بھی نہیں ہوئے یہاں پہلے ”تھری ڈی“ سنیما گھر کا افتتاح ہوا تھا جبکہ رواں ماہ شہر میں اپنی نوعیت کے منفرد سنیما ہالز ”فائیو ڈی“ متعارف ہونے جارہے ہیں۔ حقیقت میں ’فائیو ڈی‘ ایک بالکل جدید، حیرت انگیز اور منفرد سنیماہالز ہیں جہاں فلم دیکھنا کسی طرح بھی دلچسپی سے خالی نہیں ۔ دلچسپی بھی ایسی کہ آپ نے شاید ہی کبھی اس کے بارے میں سوچا ہو۔

مثلاً ٓآپ ہال میں بیٹھے فلم دیکھ رہے ہیں کہ اسکرین پر پانی میں اٹھکھیلیاں کرتا ہاتھی اچانک اپنی سونڈ میں پانی بھر کر آپ پر اچھال دیتا ہے اور آپ پانی سے شرابور ہو جاتے ہیں۔۔ذرا تصور کریں ایسا ہو جائے تو آپ کیسا محسوس کریں گے؟

یہ کوئی قصہ کہانی نہیں بلکہ حقیقت ہے۔انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ’فائیوڈائی مینشنل ‘ سنیما یعنی ’فائیوڈی‘ میں فلم اب صرف دیکھنے کی چیز نہیں رہی بلکہ اسے محسوس بھی کیا جاسکتا ہے۔

دیو ہیکل ڈائنوسار اسکرین سے نکل کر سینما میں موجودفلمی شائقین سے بات چیت کے موڈ میںآ تے محسوس ہوں توسوچئے اس وقت فلم دیکھنے والوں کی کیفیت کیا ہوگی؟ وہ ایک لمحے کے لئے ڈریں گے ضرور لیکن اس ڈر میں بھی انہیں وہ لطف حاصل ہوگا جو پہلے کبھی نہیں آیا ہوگا۔

کراچی کے فلم لورز اب یہی سب کچھ محسوس کرسکیں گے ۔ کراچی میں پاکستان کے پہلے فائیوڈی سینما کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں گھومتی ہوئی سیٹیں ، سنو فوم اسپرے اور پانی کی پھواریں سینما میں موجود فلم دیکھنے والوں کو پردے پر چلنے والے منظر کا حصہ بنا دیں گی۔

کلفٹن دو تلوار کے نزدیک ’ایمرلڈ ٹاور‘میں رواں ماہ کے آخر میں کھلنے والا ”فائیوڈی“ سینما کراچی والوں کو تفریح کی ایک نئی قسم سے متعارف کرائے گا جس میں تھر ل بھی ہوگا اور ایکسائٹمنٹ بھی۔

’فائیوڈی‘ سینما کے منصوبے میں حصہ دار شپنگ کمپنی ’جیسٹ‘سے وابستہ عادل شیر کے مطابق اس قسم کی تفریحی سہولت بہت کم ملکوں میں موجود ہے۔اور یقینا ہمارے ہاں کے فلم بین تواسے بہت پسند کریں گے۔

آٹھ سیٹوں کی گنجائش رکھنے والے سینما کا افتتاح عید لاضحی سے پہلے 20سے 25 اکتوبر کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔’فائیوڈی سینما ‘میں عام طور 12 سے زیادہ سیٹیں نہیں ہوتیں۔ اس سینما میں ایک وقت میں کوئی ایک فیملی ہی فلم سے انجوائے کر سکتی ہے۔

ایکسپریس ٹریبون کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم اور اسپشل افیکٹس کی قیمت بہت زیادہ جبکہ فائیوڈی میں چلنے والی فلموں کا دورانیہ بہت کم ہوتا ہے۔صرف بارہ سے بیس منٹ ۔لیکن فلم کے ساتھ ساتھ سیٹوں کی بدلتی پوزیشن ، پانی کا اسپرے اور دوسرے اسپشل افیکٹس کو اسکرین پر چلنے والے سین سے ہم آہنگ کرنے کے لئے بھی خصوصی مہارت اور پھرتی چاہئے ہوگی۔

فلم میں طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں یاموسلادھار بارش ہو رہی ہے اور وہی بارش آپ کو بھی بھگورہی ہے تو سوچیں آپ کتنا مختلف اور تھرل محسوس کریں گے۔ یہ ایک بالکل نیا اور شاندار تجربہ ہوگا۔

گزشتہ چند سالوں کے دوران سینے پلیکس اور تھری ڈی سینما کھل جانے سے ایک بار پھر فیملیز سینما گھروں کا رخ کرنے لگی ہیں۔فائیو ڈی سینما کا ان سینماوٴں سے براہ راست کوئی مقابلہ نہیں لیکن فائیو ڈی سینما مالکان کا کہنا ہے کہ فائیو ڈی دیگر سینماوٴں کے مقابلے میں بہت دلچسپ ہے۔ فائیو ڈی کے لئے آلات تائیوان سے منگوائے گئے ہیں لیکن کمپنی انوسٹمنٹ کی مالیت بتانے کے لئے تیار نہیں۔

ایمرلڈ ٹاور سے کچھ ہی فاصلے پر ستائیس منزلہ ’اوشین ٹاورز ‘ میں چار ملٹی پلیکس تقریبا ًمکمل ہیں۔ ان کا افتتاح دسمبر میں ہو گا۔
XS
SM
MD
LG