پاکستان کی ہاکی ٹیم نے جمعرات کو ملائیشیا میں 21 ویں سلطان اذلان شاہ کپ کے افتتاحی میچ میں ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔
نیلے رنگے کی مصنوی گھاس یا بلیوٹرف پرکھیلنے کا تجربہ نہ ہونے کے باعث پاکستانی ٹیم نے گول کرنے کے کئی موقع ضائع کیے لیکن اس کے باوجود تمام کھلاڑیوں نے متحد ہوکر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جیت لیا۔
پاکستان کی طرف سے وقفے سے چند منٹ قبل محمد عرفان نے شفقت رسول کے پاس پر پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک، صفر کی برتری دلا دی۔
کپتان سہیل عباس نے میچ کے 46 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر دوسرا گول کیا۔ اس کے بعد ارجنٹائن کی ہاکی ٹیم نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میچ برابر کردیا۔
پاکستان کی جانب سے حسیم خان اور محمد وقاص نے چند منٹ کے وقفے سے گول کرکے اپنی ٹیم کو اس میچ میں چار، دو سے فتح دلائی۔ 27
پاکستان اپنا دوسرا میچ 27 مئی کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔