رسائی کے لنکس

پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر فورس کے کمانڈروں کی ملاقات ہو گی: سرتاج عزیز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی نے اپنے بھارت ہم منصب سے مذاکرات کے لیے 23 اگست کو نئی دہلی جانا تھا لیکن دورے سے محض چند گھنٹے قبل ہی یہ مذاکرات منسوخ کر دیے گئے۔

پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان مذاکرات کی منسوخی کے باوجود توقع ہے کہ سرحدی کشیدگی کے معاملے پر دونوں ممالک کی سرحدی افواج کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان مجوزہ ملاقات آئندہ ماہ ہو گی۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے اپنے بھارتی ہم منصب سے مذاکرات کے لیے 23 اگست کو نئی دہلی جانا تھا لیکن دورے سے محض چند گھنٹے قبل ہی یہ مذاکرات منسوخ کر دیے گئے۔

گزشتہ ماہ روس کے شہر ’اوفا‘ میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے دونوں ممالک کے مشیر برائے قومی سلامتی کے درمیان ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔

جب کہ دونوں وزرائے اعظم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا تھا کہ پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسر کے سربراہ کے درمیان جلد ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز کے درمیان ملاقات بھی ہو گی۔

سرکاری میڈیا سے ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز نے سرحدی کمانڈروں کی مجوزہ ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’مذاکرات کے منسوخ ہونے کے باجود ہم نے اس سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔ ’اوفا‘ اعلامیے میں جو لکھا ہوا تھا کہ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس اور ہماری رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات ہو گی وہ چھ ستمبر کو طے ہو گئی ہے۔۔۔ (دونوں طرف آبادی ہے) یہ انسانیت کا مسئلہ ہے اور اس پر ہم ضرور پیش رفت کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی منسوخی پر امریکہ کی طرف سے بھی"مایوسی" کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ جنوبی ایشیا کے دونوں پڑوسی ملک بات چیت کے عمل کو جلد شروع کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس کے شہر اوفا میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات میں مذاکرات کی بحالی پر اتفاق ایک حوصلہ افزا پیش رفت تھی۔

نئی دہلی میں مجوزہ ملاقات کو پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی میں کمی لانے کی جانب ایک پیش رفت قرار دیا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے علاوہ ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ و گولہ باری کے باعث حالیہ ہفتوں میں دونوں جانب متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

پاکستان اور بھارت دونوں ہی ایک دوسرے پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG