رسائی کے لنکس

بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں: پاکستانی صدر


صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی تعاون دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح کے لیے ضروری ہے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اُن کا ملک بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمشنر شرت سبھروال نے جمعہ کو صدر زرداری سے الوادعی ملاقات کی اور اس موقع پر پاکستانی صدر کا کہنا تھا کہ کئی ایسے مواقع موجود ہیں جو دونوں پڑوسی ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی تعاون دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح کے لیے ضروری ہے۔

صدر زرداری نے سبکدوش ہونے والے بھارتی ہائی کمشنر سے کہا کہ اُنھوں نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے کے لیے جو کوششیں کیں وہ قابل ستائش ہیں۔

11 مئی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیراعظم نواز شریف بھی یہ بیان دے چکے ہیں کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کے طرف سے مثبت بیانات کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ قیام امن کے لیے اسلام آباد اور بھارت کے درمیان جامع امن مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکیں گے۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے جب کہ پاکستانی اور بھارتی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کے بھی کئی دور ہوئے جن میں ایک دوسرے کے ملک میں سفر کرنے کے خواہشمند افراد خاص طور پر تاجروں اور صنعت کاروں کے لیے ویزوں کے اجرا کو آسان بنانے پر معاہدے بھی طے پائے۔

دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔ لیکن اس تمام پیش رفت کے باوجود کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے علاوہ بعض دیگر نا خوشگوار واقعات دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کا سبب بنتے رہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG