رسائی کے لنکس

قوم نے ووٹ کے ذریعے ’گمراہ کُن اقلیت‘ کو شکست دی: کیانی


’دہشت گردی کے خطرات کے باوجود، قوم کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا بہادری، محنت اور اعتدال پسندی کی علامت ہے۔ اِسی سے، گمراہ اقلیت کو شکست ہوئی ہے‘

پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ قوم نے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے, ’گمراہ کن اقلیت کو شکست دے دی ہے‘۔

وہ پیر کوجنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔


پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ عسکری اور سیاسی قیادت ملک کی خوشحالی اور قانون کی بالادستی کے لیے پرعزم ہے۔ اُن کے بقول، ’اُنہیں یقین ہے کہ جلد ہی ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پالیا جائے گا‘۔

جنرل کیانی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خطرات کے باوجود، قوم کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا بہادری، محنت اور اعتدال پسندی کی علامت ہے۔ اسی سے، گمراہ اقلیت کو شکست ہوئی ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق، جنرل کیانی نے آئی ای ڈی، یعنی دھماکا خیز موادسے لاحق خطرات، کو بھی اجاگر کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ’پاکستان کو اپنے فرائض کا بخوبی علم ہے۔ اس نے ذمے دار ملک کی حیثیت سے دھماکا خیز مواد کے خاتمے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں‘۔


جنرل کیانی نے دھماکا خیز مواد کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے عالمی فورم بنانے کی تجویز بھی دی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ممالک ان کی تجویز کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس جانب عملی اقدامات اٹھائیں گے۔
XS
SM
MD
LG