رسائی کے لنکس

مائع پٹرولیم گیس کا معاہدہ’غیر شفاف‘ ہے: وزیر پانی و بجلی


وفاقی وزیر خواجہ آصف
وفاقی وزیر خواجہ آصف

سپریم کورٹ میں منگل کو مائع پٹرولیم گیس کے حصول کے لیے لائسنسز سے متعلق مقدمے کی سماعت میں ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے ملک کو ان کے بقول اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بجلی و پانی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت میں مائع پٹرولیم گیس کے حصول کے لیے لائسنسز ’’غیر شفاف انداز‘‘ میں جاری کیے گئے اور گیس کی قیمت بھی ’’انتہائی کم‘‘ طے کی گئی۔

سپریم کورٹ میں منگل کو مائع پٹرولیم گیس کے حصول کے لیے لائسنسز سے متعلق مقدمے کی سماعت میں ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے ملک کو ان کے بقول اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں ایک نجی کمپنی کو معاہدے کے تحت دس سال کے لیے تیل کے کنوؤں سے نکلنے والی مائع گیس حاصل کرنے کی اجازت دی گئی۔ بعد میں سابقہ دور میں اس معاہدے میں توسیع کردی گئی جو کہ وفاقی وزیر کے مطابق ’’غیر قانونی‘‘ تھی۔

دفاع کے وکیل عرفان قادر کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کا اس طرح حکومتی معاملات میں عدالت کے سامنے پیش ہونا ان کے منصب کے منافی ہے۔ ان کا یہ بھی موقف رہا ہے یہ معاملہ دو ’’نجی پارٹیوں‘‘ کے درمیان ہے اور اس میں مداخلت عدالت عظمیٰ کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

تاہم دونوں اطراف کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے مقدمے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ادھر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وفاقی حکومت سے 300 میگا واٹ نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

’’نیب (قومی احتساب بیورو) اور وزارت پانی و بجلی کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور جن لوگوں نے اس پر قوم کے اربوں روپے لگوائے ہیں۔ انہیں کٹہرے میں کھڑا کرکے ایک ایک پائی منافع کے ساتھ حاصل کی جائے۔‘‘

گوجرانوالہ میں منصوبے کے مقام کے دورے کے موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا یہ ڈیڑھ سال سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

’’چینی ہمیں کہتے ہیں کہ ڈیڑھ سال تک اسے مکمل کریں گے مگر یہ ہمیں تسلیم نہیں۔ یہ اس سے جلد ہونا چاہیے۔‘‘

پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے توانائی کے بحران کا سامنا ہے جو اقتصادی ماہرین کے بقول اس کی کمزور معیشت کی بہت بڑی وجہ ہے۔ حکومت میں شامل عہدیدار اس بحران پر قابو پانے کو نواز انتظامیہ کی اولین ترجیح قرار دے چکے ہیں۔

امریکہ کے دورے کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے لیے امریکی وزیر سے ملاقات میں بھی اس شعبے میں معاونت کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG