رسائی کے لنکس

اعجاز بٹ نے الزامات مسترد کردیے


اعجاز بٹ نے الزامات مسترد کردیے
اعجاز بٹ نے الزامات مسترد کردیے

” میچ فکسنگ صرف میڈیا کا پید اکردہ شور ہے اور کچھ نہیں“ اعجاز بٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف میچ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے کسی ماتحت نے ایسے سوالات اٹھائے ہیں تو وہ” لغو بات کر رہا ہے“۔

اتوار کو لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل یا آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی سے متعلق شعبے نے تمام بین الاقوامی میچوں کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کا نفاذ کر رکھا ہے ۔” کسی غیر متعلقہ شخص کو کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم میں جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ بین الاقوامی میچوں کے دوران صرف مینجر کو موبائل فون لے جانے کی اجازت ہوتی ہے اور اس کے علاوہ بھی کئی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔“

اعجاز بٹ نے الزام لگایا کہ” میچ فکسنگ صرف میڈیا کا پید اکردہ شور ہے اور کچھ نہیں“۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ایک رکن کی طرف سے پچھلے سال جنوبی افریقہ میں ہونے والی چیمپین ٹرافی کے سیمی فائنل میں میچ فکسنگ کا الزام لگا یا گیا تھا اور اس بے بنیاد الزام نے قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کے کیرئیر کو تباہ کردیا ہے جو اس وقت سخت ذہنی پریشانی میں مبتلاہو چکے ہیں۔

دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل نے سابق کوچ اور دوسرے عہدے داروں سے بلامشروط معافی کا مطالبہ کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے میچ فکسنگ کے بے بنیا د الزامات کو واپس نہ لیا تووہ ان افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سال کے اوائل میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کے الزامات لگائے گئے تھے جن میں کامران اکمل بھی شامل ہیں۔

ان الزامات کی تحقیقات کرنے والی پی سی بی کی کمیٹی کی کارروائی کی ایک ویڈیو فلم حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کی گئی ہے جس میں کوچ انتخاب عالم اور ان کے ایک دوسرے ساتھی کو واضح طور پر کمیٹی کے سامنے یہ بیان دیتے دیکھایا گیا کہ کامران اکمل کی انتہائی خراب کارکردگی اور اہم مواقعوں پر کیچ گرانے کی وجہ کیچھ اور نہیں بلکہ میچ فکسنگ ہی تھی۔

کامران اکمل کے بقول وسیم باری، معین خان اور راشد لطیف جیسے عظیم وکٹ کیپر بھی کیچ چھوڑ دیا کرتے تھے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کھلاڑی کیچ اس لیے گراتے ہیں کیونکہ وہ میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔

ان کے بقول” بے بنیاد الزامات نے اُن کے لیے گھر سے نکلنا مشکل کر دیا ہے کیونکہ لوگ اُن پر طرح طرح کی آوازیں کستے ہیں“۔

XS
SM
MD
LG