رسائی کے لنکس

سی پیک کی شاہراہوں پر گشت کے لیے وسائل 'ناکافی'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قانون سازوں کو آگاہ کیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبے کی مکمل نگرانی کے لیے ادارے کو دستیاب وسائل اور افرادی قوت ناکافی ہے۔

یہ بات ادارے کے حکام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ سی پیک کی شاہراہوں پر گشت کے لیے موٹرے وے پولیس کی موجود فورسز سے دگنی افرادی قوت درکار ہوگی اور اس ضمن میں دس ہزار اضافی اہلکاروں کی بھرتی کے لیے وفاقی حکومت سے درخواست کی جا چکی ہے۔

اجلاس میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مزید وسائل کا بھی مطالبہ کیا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق کمیٹی کو بتایا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چار ہزار کلومیٹر طویل نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں اور مغربی روٹ کی تکمیل کے بعد اس میں مزید 2600 کلومیٹر کا اضافہ ہو جائے گا۔

وزارت مواصلات کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے وسائل اور آسامیوں میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں درکار فنڈز بھی متخص کر دیے ہیں۔

بیان کے مطابق کمیٹی کے ارکان نے ہدایت کی ہے کہ رواں سال کے اختتام تک موٹروے پولیس میں نئے افسران کی بھرتیاں اور ان کی تربیت مکمل کی جائے۔

اربوں ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چین کے شہر کاشغر سے پاکستان کے جنوب مغربی ساحلی شہر گوادر تک مواصلات، بنیادی ڈھانچے اور صنعتوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

منصوبے اور اس سے وابستہ افرادی قوت کے تحفظ کے لیے پہلے ہی خصوصی سکیورٹی فورس تشکیل دی جا چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG