رسائی کے لنکس

چارسدہ واقعے پر قومی سوگ، متعدد مشتبہ افراد گرفتار


اس حملے میں جان کی بازی ہارنے والے کی تدفین جمعرات کو ان کے آبائی علاقوں میں کر دی گئی جب کہ ملک کے بعض دیگر علاقوں میں ان مرنے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

پاکستان میں چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد فضا سوگوار رہی اور جمعرات کو ملک میں سرکاری طور پر ایک روزہ سوگ منایا گیا۔

تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔

بدھ کو چارسدہ کی یونیورسٹی پر ہوئے حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جب کہ حکام کے مطابق چاروں حملہ آوروں کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔

اس حملے میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کی تدفین جمعرات کو ان کے آبائی علاقوں میں کی جا رہی ہے جب کہ ملک کے بعض دیگر علاقوں میں ان مرنے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو مزید چوکس تو کر دیا گیا ہے لیکن ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ صوبے کے اسکولوں اور کالجوں میں حاضری کم رہی۔

یونیورسٹی پر حملے کی ایف آئی آر انسداد دہشت گردی کے محمکے میں درج کر لی گئی ہے جب کہ حملہ آوروں کی شناخت اور واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

چارسدہ کے ضلعی پولیس افسر سہیل خان کے مطابق یونیورسٹی اور گردونواح سے لگ بھگ 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

بدھ کی شام فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ حملہ آوروں سے متعلق اہم معلومات حاصل ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "یہ حملہ آور کون تھے، کہاں سے آئے، کس نے انھیں تیار کیا کس نے انھیں بھیجا اس کے بارے میں کافی معلومات ہمارے پاس اکٹھی ہو گئی ہیں۔" لیکن ان کے بقول اس کی مزید تفصیلات معلومات کی حساسیت کے بنا پر فی الوقت نہیں بتائی جا سکتیں۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادھر جمعرات کو پشاور کے علاقے گلبہار میں پولیس نے سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنانے کا بتایا ہے۔

پولیس کے مطابق اس بم کے لیے تین سے چار کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا جس میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا جا سکتا تھا۔

XS
SM
MD
LG