رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: فضائی کارروائی میں 13 دہشت گرد ہلاک


مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' سے جاری ایک بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیگان میں کی گئی فضائی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن 'ضرب عضب' جاری ہے اور منگل کو پاکستانی فوج کے ایک بیان کے مطابق فضائی کارروائی میں مزید 13 دہشت گرد مارے گئے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' سے جاری ایک بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیگان میں کی گئی فضائی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق تازہ کارروائی میں دہشت گردوں کے سات ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔

15 جون کو آپریشن 'ضرب عضب' کے آغاز کے بعد سے اب تک فوج کے مطابق غیر ملکی دہشت گردوں سمیت لگ بھگ چار سو جنگجو مارے جا چکے ہیں جب کہ اُن کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

دہشت گردوں کے مضبوط گڑھ کہلائے جانے والے اس علاقے میں ابتدا میں صرف فضائیہ اور توپ خانے کی مدد سے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا لیکن گزشتہ ہفتے میرانشاہ میں زمینی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

فوج کے مطابق اب تک کی زمینی کارروائی کے دوران ناصرف دہشت گردوں کی بم بنانے کی متعدد فیکٹریوں کا سراغ لگا کر اُن کا صفایا کیا گیا بلکہ خودکش بمباروں کو تربیت فراہم کرنے کے مراکز کا بھی پتہ لگا کر اُن کو صاف کیا جا چکا ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پیر کو شمالی وزیرستان کا دورہ کر کے میرانشاہ میں فوجیوں سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا کر کے اُن کو ختم کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG