بزرگ سیاستدان اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا کا جسد خاکی جمعرات کی صبح لندن سے کراچی لایا جائے گا۔
سندھ حکومت نے اس موقع پر جمعرات کو عام تعطیل اور صوبے میں سرکاری طور پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
83 سالہ پیر پگارا منگل کی شب لندن کی ایک اسپتال میں انتقال کر گئے تھے اس خبر کے بعد ان کی کراچی میں رہائشگاہ اور آبائی علاقے پیر جوگوٹھ میں ان کے مریدین اور ان کی سیاسی جماعت مسلم لیگ (فنکشنل) کے کارکن تعزیت کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماؤں نے بھی پیر پگارا کی رہائش گاہ پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
پیر پگارا پھپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا تھے اور انھیں گزشتہ جمعرات کو خصوصی طیارے کے ذریعے لندن روانہ کیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے اپنی جماعت کے قائد کے انتقال پر ایک مہینے کے لیے اپنی پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔