رسائی کے لنکس

پشاور: فائرنگ سے مقامی شیعہ رہنما ہلاک


پولیس کے مطابق علی اصغر منگل کی صبح پشاور کے تاریخی بازار قصہ خوانی میں اپنی دکان پر جا رہے تھے کہ نا معلوم مسلح افراد نے اُنھیں جدید خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ایک مقامی رہنما علی اصغر کو نا معلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق علی اصغر منگل کی صبح پشاور کے تاریخی بازار قصہ خوانی میں اپنی دکان پر جا رہے تھے کہ نا معلوم مسلح افراد نے اُنھیں جدید خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔

علی اصغر کو شدید زخمی حالت میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نا ہو سکے۔

گزشتہ ماہ ہی قصہ خوانی بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مقامی شیعہ عالم دین محمد عالم موسوی کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اُنھیں اُس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ امام بارگارہ جا رہے تھے۔

اُدھر منگل کی صبح صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں لڑکیوں کے ایک اسکول کی عمارت کو پہلے سے نصب دیسی ساخت کے بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس سے عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔

تاہم بم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیوں کہ جب اسکول کو نشانہ بنایا گیا تو وہاں طلبا یا اساتذہ موجود نہیں تھے۔
XS
SM
MD
LG