رسائی کے لنکس

بنوں پولیس لائنز حملہ: آپریشن مکمل، پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں پشاور سے لاپتا ہونے والا ایک شخص بھی شامل ہے جب کہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

13:04 14.10.2024

وفاقی وزیرِ داخلہ کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کی تردید

وفاقی وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو خط تحریر کیا اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیرِ داخلہ سے بیرسٹر گوہر علی کی ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے درخواست کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی البتہ ملاقات کی اجازت کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کانفرنس اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں جیل میں تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی ہے۔ کسی ایک قیدی کو ملاقات کی اجازت دینا دیگر قیدیوں کے ساتھ دہرے معیار اور سلوک کے زمرے میں آئے گی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اسی دن ایس سی او اجلاس شروع ہونا ہے۔ سیاسی جماعتیں تحریکِ انصاف سے احتجاج مؤخر کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ پی ٹی آئی نے احتجاج مؤخر کرنے کی مشروط آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات کرا دی جائے تو وہ احتجاج مؤخر کر سکتے ہیں۔

13:06 14.10.2024

چین کے وزیرِ اعظم کی پاکستان آمد

چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا ہے اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

13:18 14.10.2024

بنوں میں پولیس لائنز پر حملے کی اطلاعات

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس لائنز پر حملے کی اطلاعات ہیں۔

حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ مسلح افراد پولیس لائنز کے اندر گھس چکے ہیں جب کہ اس وقت شدید فائرنگ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر ایسی غیر مصدقہ ویڈیوز بھی زیرِ گردش ہیں جن میں بنوں پولیس لائنز میں ہونے والی فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے سبب بنوں پولیس لائنز کے سامنے روڈ سنسان ہوگئی ہے۔

سرکاری طور پر اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

13:24 14.10.2024

بنوں پولیس لائنز پر عسکریت پسندوں کے حملہ کی تصدیق

حکام نے تصدیق کی ہے کہ بنوں میں پولیس لائنز پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا ہے۔

حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG