رسائی کے لنکس

عمران خان کراچی میں ، تحریکِ انصاف کو جلسے کی اجازت مل گئی


عمران خان کراچی میں ، تحریکِ انصاف کو جلسے کی اجازت مل گئی
عمران خان کراچی میں ، تحریکِ انصاف کو جلسے کی اجازت مل گئی

پاکستان تحریکِ انصاف کو مزارِ قائد سے متصل باغ قائد میں جلسے کی اجازت مل گئی ہے اور اس سلسلے میں جمعہ کو مزارِ قائد ٹرسٹ کی انتظامیہ نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو جلسے کے لیے این او سی جاری کردیا ہے۔ تاہم اس سے قبل مزار ِ قائد ٹرسٹ کی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو اس مقام پر جلسے سے روکنے کے لیے جمعہ کی صبح باغ قائد کو تالے لگا کر جماعت کے کارکنوں کو بھی وہاں سے نکال دیا تھا اور گیٹ پر سندھ ہائی کورٹ کے حکم کی کاپی بھی لگادی گئی تھی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے مقامی شہری کی درخواست پر پاکستان تحریکِ انصاف کو مزارِ قائد پر جلسہ کرنے سے روکتے ہوئے اپنے حکم میں کہا تھا کہ تحریک ِ انصاف جلسے کے لیے مزارِ قائد کے علاوہ کسی اور جگہ کا انتخاب کرے۔ درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا 25 دسمبر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ِ پیدائش ہے، اس دن بڑی تعداد میں شہری فاتحہ خوانی کے لیے مزار کا رخ کرتے ہیں اس لیے جلسے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہے گا۔

ادھر مزار قائد کے ریزیڈنٹ انجینئر محمد عارف کے مطابق مینٹیننس اینڈ پروٹیکشن آرڈیننس 1971ء کے تحت کسی کو بھی مزارِ قائد یا اس کے زیر نگرانی اراضی پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں تاہم اب احکامات آگئے ہیں اور اس شرط پر اجازت دی گئی ہے املاک کا خیال رکھاجائے گا اور مزار پر فاتحہ خوانی کے لیے آنے والوں کو جلسے کی وجہ سے دشواری نہ ہو۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کو 25 دسمبر کو مزارِ قائد پر جلسہ کرنے کی اجازت وزیر اعظم کی ہدایت پر دی گئی ہے۔

ادھر تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان جلسے کے لیے جمعرات کی شب شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماوٴں کے ہمراہ کراچی پہنچے ہیں ۔ اےئر پورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کا جلسہ لاہور سے بھی بڑا اور تاریخی ہوگا اور وہ یہاں امن کا پیغام لے کر آئے ہیں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس جلسے کے بعد ملک کی سیاست میں تبدیلی آئے گی اورکئی نام تحریکِ انصاف میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسے کے لیے حفاظت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم ان کی جماعت نے بھی اس سلسلہ میں انتظام کررکھا ہے۔

کراچی میں 25 دسمبر کو ہونے والے اس جلسے کے لیے تحریکِ انصاف کی جانب سے تیاریاں عروج پر ہیں ۔ شہر میں ہر طرف بینرز ہی بینرز نظر آرہے ہیں جب کہ مختلف مقامات پر اسقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں ۔ لوگوں کو اس جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے تحریکِ انصاف نے کئی دلچسپ طریقے بھی متعارف کرائے ہیں۔

ایک طرف موبائل فون کے ذریعے عام شہریوں کو عمران خان کی ریکارڈشدہ آواز میں جلسے میں شرکت کی دعوت دی جاری ہے تو دوسری جانب سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر تحریک انصاف کی جانب سے لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے پروموشنل ویڈیوز کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جہاں روزانہ نوجوانوں کی طرف سے کراچی کے جلسے کے لیے بنائی گئی ویڈیوز پوسٹ کی جارہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG