رسائی کے لنکس

لانگ مارچ کے لئے چندہ مہم شروع


متحدہ قومی موومنٹ نے اس جانب ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے منگل کو طاہر القادری کے ساتھ کراچی میں ملکر جلسہ کیا

پاکستان کی سیاست میں ان دنوں ایک ہی شور ہے:لانگ مارچ اور لانگ مارچ۔ اس لانگ مارچ کے لئے تحریک منہاج القرآن اور متحدہ قومی موومنٹ نے چندہ اکھٹا کرنے کی باقاعدہ مہم بھی شروع کردی ہے۔

تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے بقول وہ لانگ مارچ کیلئے ناصرف اپناگھرپیش کرچکے ہیں بلکہ انہوں نے اپنی اہلیہ ،بیٹی اور بہوکا سارا زیور بھی پیش کردیاہے۔ ان کے اس اعلان کے بعد عام لاہوریوں نے بھی بڑی تعداد میں رضاکارانہ طور پر عطیات جمع کرائے۔ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موجود ان کے کارکنوں نے فوری طور پر 12 کروڑ روپے بھیجے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک اورتحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری نے 23دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابی اصلاحات کے لئے 14جنوری کو اسلام آباد تک لانگ مارچ کریں گے ۔ پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان مسلم لیگ ن لانگ مارچ کی حمایت کرچکے ہیں ۔

متحدہ قومی موومنٹ نے اس جانب ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے منگل کو طاہر القادری کے ساتھ کراچی میں ملکر جلسہ کیا ۔ اس جلسے کا مقصد بھی یہی تھا کہ کراچی کے شہریوں کو لانگ مارچ کے لئے اسلام آباد جانے کی ترغیب دی جاسکے۔ طاہر القادر ی نے کراچی کے شہریوں سے لانگ مارچ کے لئے چندہ دینے اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔

ادھر الطاف حسین نے بھی مخیر حضرات،تاجروں ، صنعتکاروں اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 جنوری کو اسلام آباد میں سفرانقلاب کے انتظامات اور تیاریوں کے لئے عطیات جمع کرائیں۔

اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم غریب ومتوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے۔ اس کے تمام اخراجات عوامی تعاون سے پورے کئے جاتے ہیں۔ایم کیوایم کی پشت پر کوئی جاگیردار، وڈیرہ اور سرمایہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں برسوں سے رائج فرسودہ جاگیردارانہ ،وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کو بدلنے کیلئے ایم کیوایم نے جدوجہد شروع دن سے جاری رکھی ہوئی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فرسودہ نظام کےخاتمے کیلئے اسلام آباد میں عظیم الشان عوامی لانگ مارچ اور سفرِ انقلاب کی تیاریوں اور انتظامات کیلئے ایم کیوایم کو مشکلات کا سامنا ہے۔
XS
SM
MD
LG