رسائی کے لنکس

شاہ محمود قریشی کی تحریک انصاف میں شمولیت


سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان کے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں اتوار کو ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

رواں ماہ پیپلز پارٹی سے 20 سالہ رفاقت ختم کرنے والے شاہ محمود قریشی نے اپنے نئے سیاسی سفر کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ خیبر سے لے کر کراچی اور گوادر سے لے کر مظفر آباد تک پاکستان میں چہروں اور نظام کی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، اور موجودہ حکمرانوں سے مایوس نوجوان اب عمران خان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

’’میں اُس تحریک میں شامل ہو رہا ہوں جو حصول انصاف کے لیے نکل رہی ہے ... میں سندھ کی دھرتی پر یہ کہنے آیا ہوں کہ میں آج تم سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں سندھ میں جاگیردارانہ ذہنیت کا مقابلہ کرنے کے لیے نکلا ہوں۔‘‘

شاہ محمود قریشی نے اپنی تقریر میں حکومتی پالیسیوں اور صدر آصف علی زرداری پر بھی سخت الفاظ میں تنقید کی۔ ان کے بقول اسلام آباد میں بیٹھا شخص ’’بزدل لیڈر‘‘ ہے جس کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی ساکھ عالمی سطح پر بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو رخصت کرنے اور عوام سے رجوع کرنے کا وقت آگیا ہے اور یہ جلسہ حکومت کے خلاف ’’بارش کا پہلا قطرہ‘‘ ثابت ہوگا۔

اپنی تقریر میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ 25 دسمبر کو کراچی میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے میں بتائیں گے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان پر کیا دباؤ آنے والا ہے۔ اُنھوں نے اس بارے میں مزید وضاحت نہیں کی۔

شاہ محمود کی جانب سے تحریک انصاف میں شمولیت کا یہ اعلان پہلے سے متوقع تھا کیونکہ دو ہفتے قبل عمران خان یہ واضح کر چکے تھے کہ سابق وزیر خارجہ ان کی جماعت میں شامل ہوں گے۔

پیپلز پارٹی شاہ محمود کی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہتی آئی ہے کہ وہ پارٹی سے اس لیے علیحدہ ہوئے کہ انھیں دوبارہ وزیر خارجہ نہیں بنایا گیا، اور ان کے جانے سے پیپلز پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اُدھر جلسہ گاہ میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر عمران خان نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حال ہی میں نیٹو کی جانب سے پاکستانی چوکیوں پر حملے میں فوجی جوانوں کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی سربراہی میں دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ سے علیحدہ ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

عمران خان نے اپنی تقریر میں شاہ محمود قریشی کے بارے میں کہا کہ انھوں نے اپنا دامن صاف رکھا ہے اس لیے تحریک انصاف کا نظریہ پوری طرح شاہ محمود کو قبول کرتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت ثابت کرے گا کہ شاہ محمود نے بہترین فیصلہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG