رسائی کے لنکس

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ: پاکستان نے ٹاپ پوزیشن سنبھال لی


آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کے لیے پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز مکمل ہونے پر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی تازہ ترین پوزیشن جاری کر دی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد بابر الیون کی پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن ہے جب کہ بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ جون 2023 سے جون 2025 تک نو بہترین ٹیسٹ ٹیمیں چھ سیریز کھیلیں گی اور پوائنٹس ٹیبل پر موجود ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

اس وقت تک چھ ٹیمیں چیمپئن شپ کی پہلی سیریز یا تو کھیل چکی ہیں یا کھیل رہی ہیں جب کہ دیگر تین ٹیموں کے میچز ہونا باقی ہیں یہ تین بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ ہیں۔

بھارت کا دوسرا نمبر کیوں؟

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کے 16 اور پاکستان کے 12 پوائنٹس ہیں۔ تاہم پاکستان کے مقابلے میں کم اوسط کی وجہ سے بھارت فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن سیریز کا دوسرا میچ ڈرا ہوا تھا جس کی وجہ سے بھارت کو چار پوائنٹس ہی مل سکے۔

اس طرح بھارت کے مجموعی پوائنٹس 12 سے بڑھ کر 16 ہو گئے لیکن اس کی مجموعی اوسط گر کر 66 اعشاریہ چھ سات ہو گئی۔

دوسری جانب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ اگر بابر الیون نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دے دی تو پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہو جائے گی۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایشز سیریز کے پانچ میں سے چار میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں دو میچز میں آسٹریلیا کو کامیابی ملی، ایک میچ انگلش ٹیم کے نام رہا اور ایک میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا۔ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 26 پوائنٹس حاصل کر کے تیسرے نمبر پر ہے جب کہ انگلینڈ 14 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھر پانچویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے اور پاکستان کے خلاف ایک میچ میں ناکامی کے بعد سری لنکن ٹیم چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG