رسائی کے لنکس

پاکستان جنوبی افریقہ، دوسرا ون ڈے منگل کو کھیلا جائے گا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ منگل کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ یہاں ماضی میں پاکستان میزبان ٹیم کے مخالف 8 میچ کھیل چکا ہے جن میں سے پانچ جیتے اور تین میچوں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

پانچ میچز کی ون ڈے سیریز میں پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا اور یوں اسے جنوبی افریقہ پر برتری حاصل ہے، اس برتری کو ختم کرنے کے لئے جنوبی افریقہ منگل کو پوری کوشش کرے گا جب کہ پاکستان اپنی برتری کو مزید مضبوط کرنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دے گا۔

پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو پہلے میچ میں محمد حفیظ ، امام الحق اور بابر اعظم کی قابل ذکر بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بھی جیت جائے گی۔

سرفراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیٹسمین کے ساتھ ساتھ انہیں بالرز سے بھی پوری پوری توقع ہے کہ وہ اچھی پرفارمنس کی بدولت دوسرا ون ڈے میچ جیتنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

سرفراز کا یہ کہنا بھی تھا کہ امام الحق اور محمد حفیظ نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں جن کی بدولت پاکستان 267 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرنے میں کامیاب ہوا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی حالیہ ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تین ٹسیٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں شکست دے کر سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG