رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: پاکستان کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف


پریرا کے سوا سری لنکا کے باقی کھلاڑی پاکستانی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکے۔ پریرا نے میچ کے آخری اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔

پاکستانی بولرز کی شاندار کارگردگی کے باعث سری لنکن ٹیم بڑا اسکور نہ کر سکی اور تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو جیت کے لئے 209 رنز کا نسبتاً آسان ہدف ملا ہے۔

حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں سری لنکن کپتان اُپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر ڈک ویلا اور تھرنگا نے 59 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، اس موقع پر ڈک ویلا 18 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

اس کے بعد دنیش چندیمل اور تھرنگا نے اننگز کو پراعتماد انداز میں آگے بڑھایا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں مزید 43 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 102 تک پہنچا دیا۔ اس دوران تھرنگا نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنی 35 ویں نصف سنچری بھی مکمل کی۔

چندیمل 19 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

جلد ہی پاکستان کو ایک بڑی کامیابی تھرنگا کی وکٹ کی صورت میں ملی۔ وہ 61 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر ہوا میں اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تھرنگا کے آؤٹ ہونے کے بعد کاپوگیدیرا میدان میں اترے، لیکن وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 18 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 137 رنز تھا۔ اگلے ہی اوور میں اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے پر سری وردھنے کو جنید خان نے پویلین کی راہ دکھائی۔

وندرسے کو حسن علی نے بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ کیا۔

۔ 102 رنز پر سری لنکا کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا اور بظاہر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ مہمان ٹیم اچھا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ لیکن ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ اگلی پانچ وکٹیں اسکور میں صرف 39 رنز کا اضافہ کرسکیں اور اس کے 6 بیٹسمین صرف 141 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

پریرا کے سوا سری لنکا کے باقی کھلاڑی پاکستانی بولرز کا جم کر سامنا نہ کر سکے۔ پریرا نے میچ کے آخری اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔

یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ایک بار پھر پانچ وکٹیں لیں۔

شاداب خان نے 2 جبکہ جنیدخان اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن علی کا نیا ریکارڈ
حسن علی کم ترین میچوں میں 50 وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

انہوں نے یہ کارنامہ 23 ویں ون ڈے میں سرانجام دیا۔

اس سے قبل وقار یونس نے یہ اعزاز 27 میچ کھیل کر حاصل کیا تھا۔

وندرسے کو آؤٹ کرکے حسن علی نے رواں سال اپنی 37 ویں وکٹ لی جو سب سے زیادہ وکٹوں کی تعداد ہے۔

اس سے پہلے افغانستان کے راشد خان 36 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے۔

XS
SM
MD
LG