رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے، سری لنکا کی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ


فائل
فائل

پاکستان نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں ۔ احمد شہزاد کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عماد وسیم کی جگہ فہیم اشریف کو موقع دیا گیا ہے۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر رہا ہے۔

سری لنکا کے کپتان اوپل تھرنگانے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

کوسل مینڈس اور سرنگا لکمل کی جگہ چمیرا کاپوگیدیرااور فاسٹ بولر دشمانتھا چمیرا کو آج کے میچ میں موقع دیا گیا ہے۔

ادھر پاکستان نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ احمد شہزاد کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عماد وسیم کی جگہ فہیم اشریف کو موقع دیا گیا ہے۔

پاکستان پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچ جیت چکا ہے اور اس کی پوری کوشش ہوگی کہ کسی طرح آج کا میچ بھی اپنے نام کرلے۔ آج کی فتح اسے سیریز میں بھی کامیابی دلانے کا باعث ہوگی۔

پاکستان نے سیریز کا پہلا ون ڈے 82 اور دوسرا میچ 32 رنز سے جیتا تھا۔

دوسری جانب سری لنکا کوشش کرے گا کہ پاکستان یہ میچ نہ جیت سکے لیکن سیریز جیتنے کے لیے اسے صرف آج ہی کا نہیں بلکہ باقی دونوں میچ بھی جیتنے پڑیں گے جو بظاہر مشکل نظر آتا ہے۔

پچھلے 30 برسوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکا کوون ڈے فارمیٹ میں مسلسل 9 ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی وجہ اس کی بیٹنگ کو قرار دیا جارہا ہے۔

تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: امام الحق، فخرزمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، فہیم اشرف، شاداب خان، رمان رئیس، حسن علی اور جنید خان۔

سری لنکا کی ٹیم میں نیروشن ڈک ویلا، اوپل تھرنگا، دشمانتھا چمیرا، لہیرو تھریمانے، دنیش چندیمل، ملندا سری وردنا، تھیسارا پریرا،اکیلا دنانجایا، جیفری ویندرسے، چمیرا کاپوگیدیرا، لہیرو گماگے شامل ہیں۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اس سے قبل سات مرتبہ مدِ مقابل آچکی ہیں جن میں پاکستان نے پانچ بار کامیابی حاصل کی جبکہ دو میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز کے گزشتہ دونوں میچوں میں سنچری اسکور کی تھی اور وہ 33 ون ڈے میچوں میں تیز ترین سات سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹس مین بن گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں میں پاکستان کا پلہ بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 150 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 87 میں جیت پاکستان کا مقدر بنی جبکہ 58 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک میچ ٹائی ہوا اور چار بے نتیجہ رہے۔

پاکستان نے 2009ء کے بعد سے متحدہ عرب امارات میں مجموعی طور پرایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی 12 سیریز کھیلی ہیں جن میں سے اسے نو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک اور سری لنکا کے خلاف دو سیریز اس کے نام رہیں۔

پاکستان 2011ء اور 2013ء میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سری لنکا کے خلاف سیریز 1-4 اور 2-3 سے اپنے نام کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG