رسائی کے لنکس

پاکستان میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن کا مرحلہ وار خاتمہ


پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے نو مئی سے ملک میں کرونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

حکومت نے فی الحال ریلوے آپریشن اور اندرون ملک فضائی آپریشن بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبوں کے اعتراض پر بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں چھوٹی دکانیں اور چھوٹے کاروبار سحری سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کے علاوہ مختلف تعلیمی بورڈز کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ البتہ گزشتہ سال کے نتائج پر طلبہ کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

ان فیصلوں کا اعلان وزیر اعظم اور وزرا نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں کیا۔

کون کون سی صنعت کھلے گی؟

بریفنگ میں موجود وزیر صنعت حماد اظہر نے بتایا کہ پائپ ملز، پینٹس، سرامکس، الیکٹرک کیبلز، ٹائلز، اسٹیل کی فیکٹریوں اور دکانوں کو کھول دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ ہارڈوئیر اسٹورز کھولنے کی بھی اجازت دی جائے گی۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ دیہات اور گلی محلوں کی مارکیٹوں اور دکانوں کو کھولا جائے گا۔ ان دکانوں کو کھولنے کا دورانیہ فجر سے شام پانچ بجے تک ہو گا۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ابھی فی الحال ان سیکٹرز کو کھولا جارہا ہے۔ ضرورت پڑی تو مزید سیکٹرز بھی کھولیں گے۔

'نہ کوئی ٹرین آتی ہے، نہ کچھ ملتا ہے'
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:36 0:00

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان میں کرونا سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں لیکن لوگ بہت مشکل میں ہیں۔ غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر اس مشکل وقت سے نکلنا ہے تو عوام کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا۔ اگر لوگوں نے احتیاط نہ کی تو ہمیں پھر سخت لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ پوری دنیا شرائط کے تحت لاک ڈاؤن ختم کر رہی ہے۔ لہذٰا پاکستانی قوم کو بھی ان شرائط یا ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو کھلنا چاہیے۔ پیسے والے لوگ تو اپنی گاڑیوں میں سفر کر رہے ہیں۔ لیکن غریب آدمی کے لیے یہی سفر کا ذریعہ ہے۔

پاکستان میں نو مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔
پاکستان میں نو مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔

چھوٹے کاروبار کی اجازت

بریفنگ میں موجود وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ صنعتیں، چھوٹی مارکیٹیں اور گلی محلوں کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کے بقول ایک تجویز تھی کہ دکانیں شام کے وقت کھولنے کی اجازت دی جائے لیکن فیصلہ ہوا ہے کہ دکانوں کو سحری کے بعد کھولنے کی اجازت ہو گی۔

البتہ، اُنہوں نے بتایا کہ یہ کاروبار اور دکانیں ہفتے میں دو روز بند رہیں گی، لیکن اشیائے خورونوش اور میڈیکل اسٹورز ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کے آؤٹ ڈور شعبہ جات کھولنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

بیروزگاروں کے لیے امداد

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ملازمت سے فارغ ہونے والے افراد کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ اس ضمن میں ایک ویب پورٹل بھی قائم کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بے روزگار افراد کو رقوم وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ سے دی جائیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پورے برصغیر میں پاکستان میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔

XS
SM
MD
LG