رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ کی کرونا وائرس پر کنٹرول کے لیے پاکستان کی امداد


کرونا وائرس کی تصدیق کے لیے کراچی کے ایک طبی مرکز میں مریض کا سمپل لیا جا رہا ہے۔ 22 جولائی 2020
کرونا وائرس کی تصدیق کے لیے کراچی کے ایک طبی مرکز میں مریض کا سمپل لیا جا رہا ہے۔ 22 جولائی 2020

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک ورچوئل بریفنگ میں بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبوں میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔

نیویارک سے وائس آف امریکہ کی نامہ نگار مارگریٹ بشیر نے خبر دی ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے دو لاکھ 80 ہزار سے زیادہ کیسز ہیں اور 6 ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی خدمت کرنے والے شراکت کار کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے صوبوں میں خشک سالی سے متاثرہ افراد میں 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ نقد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ کشمیر میں برفباری کی وجہ سے متاثرہ 12 ہزار گھرانوں کو خوراک مہیا کی گئی۔

اسی طرح خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں کرونا وائرس سے اقتصادی طور پر متاثر ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ افراد کے لیے ہنگامی خوراک کی امداد کی فراہمی کی جا رہی ہے۔

35 ہزار پناہ گزین خاندانوں کو بھی نقد رقم دی گئی ہے۔ جب کہ تقریباً 30 لاکھ افراد کے لیے نکاسی آب، صاف پانی اور صحت عامہ کی سہولتیں بہم پہنچائی گئی ہیں۔

کرونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لیےانسانی ہمدردی کی بنیاد پر جو امداد مانگی گئی ہے وہ 146 ملین ڈالر ہے، جس میں سے ایک چوتھائی امداد کی فنڈنگ ہو چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG