سری لنکا نے ایسٹر دھماکوں کے بعد سیکورٹی کے پیش نظر پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا ملتوی کر دیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو دورے کو ملتوی کرنے سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کرتے ہوئے معذرت بھی کی ہے۔
پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے آئندہ منگل کو سری لنکا روانہ ہونا تھا جہاں اسے میزبان ٹیم کے خلاف 2 چار روزہ اور 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنا تھی۔
سری لنکا میں اتوار کو گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش حملوں میں 253 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
سری لنکن بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سری لنکا موجودہ حالات میں پاکستان سمیت کسی بھی ملک کی ٹیم کی میزبانی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
پاکستان کے مقامی میڈیا کی کچھ رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ پاکستان نے سری لنکن بورڈ کے حکام کوکسی نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے کی بھی پیشکش کی تھی تاہم سری لنکا نے اس پر بھی معذرت کی ہے۔
سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں حالات معمول پر آتے ہی کرکٹ سیریز کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔