افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے قائم مقام خصوصی نمائندے فرینک روجیرو جمعرات کو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قیام کے دوران فرینک روجیرو سرکاری حکام سے بات چیت کے علاوہ سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
بیان کے مطابق اعلیٰ امریکی سفارت کار دورے میں اس عزم کو بھی دہرائیں گے کہ امریکہ حال اور مستقبل میں خطے میں وسیع تر امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
امریکی صدر براک اوباما کے قائم مقام خصوصی نمائندے کا عہدہ سنبھالنے کے بعد فرینک روجیرو پاکستان کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ رچرڈ ہالبروک کے انتقال کے بعد اُنھیں عارضی طور پر یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔
10 دسمبر کو محکمہ خارجہ میں اپنے دفتر میں کام کے دوران 69 سالہ ہالبروک کی طبیعت ناساز ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں واشنگٹن کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اْن کی شریان کی دو مرتبہ سرجری کی گئی۔ تاہم تین روز تک زیر علاج رہنے کے بعد وہ انتقال کر گئے۔
امریکی اور پاکستانی عہدیداروں سمیت مبصرین کا کہنا ہے کہ ہالبروک ذمہ داری کے ساتھ افغانستان اور پاکستان کے پیچیدہ مسائل کے حل کی تلاش میں کوشاں تھے اور اُن کی وفات سے اس سلسلے میں کی جانے والی امریکی کوششوں کو دھچکا لگا ہے کیوں کہ ہالبروک بہتر انداز میں خطے کے معاملات سمجھ چکے تھے۔