رسائی کے لنکس

پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کی علامات


پاک امریکہ وزرائے خارجہ ملاقات (فائل فوٹو)
پاک امریکہ وزرائے خارجہ ملاقات (فائل فوٹو)

پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان حالیہ ہفتوں میں تند و تیز بیانات کے تبادلوں کے بعد صورت حال بظاہر بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے اور سفارتی رابطوں میں بھی تیزی آ رہی ہے۔

جمعہ کو وزارت خارجہ میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اُمور زیر بحث آئے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ طرفین نے علاقائی مسائل پر دوطرفہ تعاون اور رابطوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

وزارت خارجہ کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حنا ربانی کھر نے سفارت کاری کے لیے ذرائع ابلاغ کے بجائے براہ راست بات چیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ادھر جمعہ کو اسلام آباد میں پاکستانی طالب علموں کے لیے خصوصی فل برائٹ امریکی پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تنظیم کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شرکا نے اس منصوبے کے فوائد کو اجاگر کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعاون عوامی رابطوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں موجود امریکی سفارت خانے کے ایک اعلیٰ عہدے دار میچل موس نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اعتراف کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

میچل موس
میچل موس

امریکی سفارت کار نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دوست ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ دونوں ہمیشہ تمام معاملات پر متفق بھی ہوں۔ میچل موس نے کہا کہ اہمیت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات جاری رہیں کیوں کہ وہ ایک دوسرے کا موقف سمجھنے پر متفق ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی بنیاد مشترکہ مفادات اور روایات پر قائم ہے جب کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے ہیں۔

فل برائٹ کے تحت امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے ایک طالب علم میاں عدنان احمد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمی پروگرام باہمی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

’’میرے جو خیالات تھے وہ وہاں پر جا کر بدل گئے اور جو ان کے خیالات تھے پاکستان کے بارے میں وہ بھی ملنے سے بدل جاتے ہیں۔‘‘

پاکستانی طالب علموں اور اسکالرز کے لیے امریکی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنے والا امریکہ کا فل برائٹ پروگرام اس وقت دنیا میں کسی بھی ملک سے سب سے بڑا ہے، اور اب تک 4,000 سے زائد افراد اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG