رسائی کے لنکس

معذور افراد کے حقوق کی کوششوں میں امریکی اعانت


تقریب سے خطاب کے دوران، امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ ’’ہمارا مقصد معذور افراد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ایک ایسی دنیا کی تعمیر ہے جس میں معذوری کے شکار افراد ایک بھرپور اور باوقار زندگی گزار سکیں‘‘

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے منگل کو معذور افراد سے متعلق منعقدہ لیڈرشپ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معذور افراد کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے لگ بھگ 70 افراد سے ملاقات کی۔

امریکی سفارتخانہ، موبیلٹی انٹرنیشنل اور اسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (اسٹیپ) کے تعاون سے ایک پروگرام پر کام کر رہا ہے، جس کا مقصد پاکستانی معذور افراد اور اُن کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو با اختیار بنانا ہے۔

کانفرنس میں پاکستان کے معذور افراد کے حقوق کی صورتحال، بشمول معذور افراد کے حقوق کے بارے میں قانون سازی اور پاکستان کے معذور افراد اور ان کے حامیوں کو بااختیار بنانے کیلئے کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’ہمارا مقصد معذور افراد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ایک ایسی دنیا کی تعمیر ہے جس میں معذوری کے شکار افراد ایک بھرپور اور باوقار زندگی گزار سکیں۔‘‘

امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق، سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہم حکومت اور اسٹیپ جیسے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تاکہ معذور افراد کےحقوق کے تحفظ، فروغ اور معاشرے میں اُن کے بھرپور کردار اور شمولیت کے لیے عملی اِعانت اور سہو لتیں فراہم کی جا سکیں۔

غیر سرکاری تنظیم ’اسٹیپ‘ کے صدر محمد عاطف شیخ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان معذور افراد کو حقوق کی بنیاد پر قانون سازی کے لیے حکمت ِعملی کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہوگی اور امریکہ میں معذوری کے شکار افراد کے لیے بنائے گئے قانون کی تحریک کا حصہ رہنے والے امریکی ماہرین کی جانب سے فراہم کردہ یہ تربیت اہمیت کی حامل ہوگی۔

حال ہی میں امریکی سفارتخانے اور ’اسٹیپ‘ کے تعاون سے چلنے والا ایک سالہ پروگرام پایہٴ تکمیل کو پہنچا، جس کا مقصد پاکستان کی معذور خواتین کی اعانت اور پاکستانی عوام اور حکومت میں معذور خواتین کے حقوق کے بارے میں آگہی و شعور بیدار کرنا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی سفارتخانہ تبادلہ پروگراموں اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے معذور افراد کےحقوق کے لیے معاونت کرتا ہے، جس میں امریکی محکمہ خارجہ کا معروف انٹرنیشنل لیڈرشپ پروگرام بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG