رسائی کے لنکس

پاکستان: بم دھماکے میں 3 شہری ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے جنوب مغربی شہر کوئٹہ میں اتوار کو پولیس پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں تین شہری ہلاک اور اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ پولیس کے اعلیٰ افسر شوکت علی نے بتایا کہ حملہ شہر کے مضافات میں سریاب روڈ پر ہوا اور اس کا ہدف انسپکٹر سلیم شاہوانی تھے، جو محافظوں کے ہمراہ اپنی گاڑی میں معمول کی گشت کر رہے تھے۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریب سے گزرنے والی گدھا گاڑی پر سوار دو افراد اور ایک رکشا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ پولیس انسپکٹر اور اُن کے دو محافظوں سمیت سات افراد زخمی بھی ہوئے۔

شوکت علی نے وائس اف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم میں تقریباً 15 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے البتہ اس علاقے میں پولیس اور نیم فوجی سکیورٹی فورسز ’فرٹیئر کور‘ (ایف سی) سمیت دیگر سرکاری اداروں پر تواتر سے ہونے والے حملوں میں بلوچ عسکری تنظیمیں ملوث رہی ہیں۔

ایک روز قبل نامعلوم مقام سے داغے گئے دو راکٹ شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں گرنے سے تین افراد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے تھے، جب کہ خاران میں مقامی اسکول کے پرنسپل مظفر جمالی اور اُن کے ایک ساتھی کو قاتلانہ حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

رواں ماہ کے دوران سریاب اور کوئٹہ کے دیگر علاقوں میں پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں پر ہونے والے حملوں میں پولیس کے ایک اعلیٰ افسر سمیت 8 اہلکار اور سات شہری ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG