پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بُدھ کو پولیس کی ایک چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے شمالی علاقے جناح ٹاؤن میں قائم چوکی پر اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں 2011ء کے دوران تشدد کے واقعات میں تیزی آئی تھی لیکن گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبائی دارالحکومت میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ 23 مارچ یعنی یومِ پاکستان سے قبل منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں سے 100 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
صوبائی انتظامیہ کو یومِ پاکستان کے موقع پر کوئٹہ میں ممکنہ تخریب کاری کی اطلاعات ملی تھیں جس کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں آئیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ یوم پاکستان کے موقع فرنٹیئر کور اور فوج کی طرف سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے جن کے لیے اس مرتبہ بھی سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔